اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ آرڈیننسوں کی قراردادوں میں توسیع غیر قانونی عمل نہیں بلکہ یہ آئین کے آرٹیکل 89 (2) کے تحت کی گئی ہے، فلسطین میں جنگ بندی سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوا ہے،
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لائق تحسین کردار ادا کیا ہے، پاکستان نے افغانستان میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ افغان قوم اپنے فیصلے خود کرے۔
پیر کو قومی اسمبلی میں ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ آرڈیننسوں میں توسیع آئین اور قانون کے مطابق کی گئی ہے۔ ماضی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ادوار کے مقابلے میں لائے گئے آرڈیننسوں کی تعداد موجودہ دور سے کہیں زیادہ ہے۔
آئین کا آرٹیکل 89 (2) اس کی اجازت دیتا ہے۔ کوئی بھی آرڈینس ایوان میں پیش ہوتا ہے تو وہ بل کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔ ارکان قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں جاکر اپنی ترامیم پیش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس خطہ میں امن لانا چاہتا ہے جس کے لئے پاکستان نے افغانستان میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ افغان قوم اپنے فیصلے خود کرے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیو یار ک میں ترکی کے ساتھ مل کر بے مثال کردار ادا کیا ہے۔ فلسطین میں جنگ بندی سے پوری امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔