راولپنڈی۔ 11 مئی (اے پی پی):راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ٹاسک فورس نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ آپریشن میں آر ڈی اے سکواڈ نے ایٹین ہاؤسنگ سکیم کے بالمقابل غیر قانونی تعمیرات کو سر بمہر کر دیا۔ترجمان آر ڈی اے کے مطابق یہ کارروائی شہری منصوبہ بندی کے ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے ادارے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
کریک ڈاؤن کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ نے کی، جنہوں نے دھوکہ دہی کے طریقوں سے نمٹنے اور شہریوں کو استحصال سے بچانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی رہنمائی میں ہم غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خاتمے کے لیے مضبوط انداز اپنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہاؤسنگ سکیم مالکان کی جانب سے زمینوں پر ناجائز قبضوں سے متعلق عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور زمینوں پر زبردستی قبضے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈی جی آرڈی اے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی خرید و فروخت سے قبل آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کی فہرست ضرور چیک کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ اس آپریشن میں سپرنٹنڈنٹ پلاننگ شفقت شاہ، بلڈنگ و پلاننگ انسپکٹرز محمد طارق، عمران حسین اور دیگر اہم ٹیم اراکین شامل تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595589