آرگینک خوراک ،مصنوعات ،جڑی بوٹیوں کے برآمدی صنعت کے طور پرفروغ کیلئے تجاویز تیار کی جارہی ہیں، سرٹیفکیشن پر توجہ مرکوز کر کے برآمدات سے پاکستان کیلئے سالانہ اربوں ڈالر ز کا زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے، نجم مزاری

116
شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شروع ہو گیا

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):آرگینک خوراک پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ آرگینک خوراک ،مصنوعات اور جڑی بوٹیوں کو برآمدی صنعت کے طور پرفروغ دینے کیلئے موثر اور جامع تجاویز پر مبنی ڈرافٹ تیار کیا جارہا ہے جسے حکومت کو ارسال کیاجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آرگینک خوراک ، مصنوعات اور جڑی بوٹیوں کی سرٹیفکیشن پر توجہ مرکوز کر کے برآمدات سے پاکستان کیلئے سالانہ اربوں ڈالر ز کا زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے ،پاکستان میں آرگینک کھیتوں کے رقبے میں اضافہ ہورہا ہے جس سے پیداوار میں بہتری آئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار نجم مزاری نے شمالی علاقہ جات کے ماہرین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آرگینک خوراک کی صنعت کی ترقی، صحت اور ماحول کے لیے خوش آئند تبدیلی ہے ، اس شعبے میں مقامی طور پر سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے،آرگینک فارمنگ کا رجحان نہ صرف کسانوں کی معیشت کو مستحکم کر رہا ہے بلکہ یہ ماحولیات اور عوام کی صحت کے لیے بھی ایک اہم قدم ثابت ہو رہا ہے۔

نجم مزاری نے کہا کہ رمضان المبار ک کے بعد اس حوالے سے خصوصی آگاہی مہم شروع کی جائے گی جس کے تحت سیمینارز کا انعقاد کرایا جائے گا ، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت بھی اس میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ اس سے ہم اپنی برآمدی فہرست میں نئی مصنوعات کا اضافہ کر سکتے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آرگینک خوراک، مصنوعات اور جڑی بوٹیوں کو برآمدی صنعت کے طور پرفروغ دینے کے لئے تجاویز کی تیاری پر کام جاری ہے جسے حکومت کے متعلقہ محکموں کو ارسال کیا جائے گا ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس کے لئے الگ محکمے کا قیام عمل میں لائے ، اجناس پر پیسٹی سائیڈ کے بے دریغ استعمال کو روکنے کیلئے بھی حکومتی سطح پر جامع پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔