میڈرڈ۔2مئی (اے پی پی): بیلاروس کی ٹینس سٹار اور ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آرینا سبلینکااور یونانی ٹینس کھلاڑی ماریا سکاری میڈرڈ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ آرینا سبلینکا نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں روسی حریف کھلاڑی میرا الیگزینڈروونا اینڈریوا اور ماریا سکاری نے ہسپانوی حریف کھلاڑی پاؤلا بدوسا گیبرٹ کو شکست دی۔
ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 24 سالہ بیلاروسی ٹینس کھلاڑی آرینا سبلینکا نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی میرا الیگزینڈروونا اینڈریوا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 1-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں یونانی ٹینس کھلاڑی ماریا سکاری نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی حریف کھلاڑی پاؤلا بدوسا گیبرٹ کو سیدھے سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔