آر پی او اور سی پی او فیصل آباد کاڈکیتی کے دو ران مزاحمت پر کانسٹیبل قتل واقعہ کا نوٹس،ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری

96
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

فیصل آباد ۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):آر پی او اور سی پی او فیصل آباد نے ڈکیتی کے دو ران مزاحمت پر کانسٹیبل قتل واقعہ کا نوٹس لیکر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے۔ تھانہ گلبرگ فیصل آباد کے علاقہ انند پورہ میں ڈاکوؤں نے پولیس کانسٹیبل ندیم کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

کانسٹیبل ندیم بٹالہ کالونی سے ڈیوٹی کے بعد گھر واپس جارہا تھا۔ گھر کے باہر نامعلوم ملزمان نے واردات کی کوشش کی۔دوران واردات مزاحمت پرپولیس جوان کو فائر لگنے سے وہ زخمی ہو ا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جوان شہید ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال کے مارچری یونٹ منتقل کر دیا۔ آر پی ا و فیصل آباد ڈاکٹر عابد اور سی پی او فیصل آباد ڈی آئی جی کامران عادل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ سی پی او نے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی ہے۔