راولپنڈی۔26فروری (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفرازالپاسے امن کمیٹی اور انسانی حقوق کی تنظیم کے عہدیداران نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔بدھ کو حافظ اقبال رضوی چیئرمین امن کمیٹی، ڈسٹرکٹ خطیب ضلع راولپنڈی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وفد میں صاحبزادہ محمدعثمان غنی ممبر ڈویژنل امن کمیٹی اور ملک محمد اکرم شامل تھے۔ملاقات میں دو طرفہ امور، آمدہ رمضان المبارک اور ممبران امن کمیٹی کی ذمہ داریوں کے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ اقبال رضوی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ریجن پولیس نے محرم الحرام، عید میلا النبیﷺودیگر تمام اہم ایونٹس پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کو ہمیشہ یقینی بنایا ہے، آمدہ رمضان المبارک میں ممبران امن کمیٹی پولیس و ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ تمام امور کو سر انجام دے گی۔
آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ریجن پولیس امن و امان کے قیام کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہر سطح پر مشاورت کو فروغ دے رہی ہے، امن و امان کے قیام کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء، تاجر برادری اور ممبران سول سوسائٹی کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے۔
دریں اثناء ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا سے پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن اسلام آباد کے نائب صدر عبدالقدیرسے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسانی حقوق سے متعلق مختلف مسائل اور دیگر اہم متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔