راولپنڈی ۔19مئی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا سے راولپنڈی چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفد نے ریجنل دفتر میں ملاقات کی۔پیر کو چیمبر کے وفد کی قیادت گروپ لیڈر آف راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری شاہد غفور پراچہ نے کی، دیگر شرکاء میں صدرآر سی ایس ٹی ایس آئی سردار ثاقب، سینئر وائس پریذیڈنٹ دوست علی جان، وائس پریذیڈنٹ آصف جاوید،صدر موبائل ایسوسی ایشن ساجد حسن بٹ اور دیگر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میں رانا خرم، نصیر قریشی اور زمان شامل تھے۔ملاقات کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورت حال، چھوٹے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل اور پولیس و تاجر برادری کے مابین تعاون کو فروغ دینا تھا۔
ملاقات میں صدر چیمبر نے آر پی او راولپنڈی کو تاجر برادری کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔آر پی او نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ریجن پولیس تاجر برادری کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے،تاجر برادری معیشت کا اہم ترین ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور تاجر برادری کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی رابطہ ضروری ہے تاکہ مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مارکیٹوں میں پولیس گشت کومزید مؤثر بنایاجارہاہے۔ملاقات کے اختتام پر صدر چیمبر نے آر پی او راولپنڈی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں باہمی اعتماد اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز ا لپاکو ملاقات کے اختتام پرگروپ لیڈر آف راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری نے اعزازی شیلڈ بھی دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598877