آر پی او فیصل آباد نے پتنگ بازی کے دوران لڑکے کی جان جانے اور ڈور پھرنے کے واقعات کا نوٹس لے لیا

137
ملتان پولیس کا شہر میں پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

فیصل آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی):آر پی او فیصل آباد نے پتنگ بازی کے دوران لڑکے کی جان جانے اور ڈور پھرنے کے واقعات کا نوٹس لے لیا، پتنگ بازی سے کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہونے پرمتعلقہ ایس ایچ او اور ایس ڈی پی اوزکے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ ترجمان رضوان کے مطابق آر پی اوفیصل آبادڈاکٹر محمد عابد خان کی طرف سے پتنگ بازی کی روک تھام اور کا ئٹ فلائنگ آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کے حوالے سے سی پی اوفیصل آباد،ڈی پی او ز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کوخصو صی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

آر پی او نے ہدایات میں کہا کہ اگر کہیں پتنگ بازی سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تومتعلقہ ایس ایچ او اور ایس ڈی پی اوزکے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔ماضی میں پتنگ بازی کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچا۔

لہذا تمام ضلعی سربراہان اپنے اپنے متعلقہ ضلع میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں۔ سپیشل برانچ کی معاونت سے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کئے جائیں۔ پٹرولنگ پولیس،ٹریفک سٹاف /وارڈنز دوران گشت بجلی کے کھمبوں،درختوں وغیرہ پر الجھی میٹل یا نائیلون کی تار کو ہٹا ئیں۔پتنگ بازوں،پتنگ فروشوں اور اس کی تیاری میں معاونت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کیلئے ضلعی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

پتنگ بازی کے سامان کی ترسیل کو روکنے کیلئے سپیشل ناکہ بندی پو ائنٹس /پکٹس کا قیام عمل میں لایا جائے۔ہر سطح پر پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ضلعی سربراہان ا پنے اپنے ضلع میں پتنگ بازی کے نقصانات بارے پرنٹ /الیکٹرانک میڈیا پر آگاہی مہم بھی شروع کریں کہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت پولیس کا اہم قومی فریضہ ہے لہٰذا دی گئی ہدایات پر من وعن عمل درآمد کرواتے ہوئے پولیس کے محافظ اور عوام دوست ہونے کے تصور کو ابھارا جائے۔