فیصل آباد۔ 21 مارچ (اے پی پی):آر پی او فیصل آباد کی” انصاف گھر کی دہلیز پر” کے تحت تاندلیانوالہ میں کھلی کچہری، سائلین کی شکایات سنیں اور موقع پر دادا رسی کے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر نے عوام الناس کے مسائل کے حل اور انصاف کی فراہمی کیلئے تاندلیانوالہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ایس پی صدر ڈویژن محمد طاہر ،سرکل افسران اور ایس ایچ اوز صدر ڈویژن ودیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ کھلی کچہری میں سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور علاقہ بھر سے سائلین نے شرکت کی۔ریجنل پولیس آفیسر نے لوگوں کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے تھانہ جات کی سطح پر کھلی کچہریاں کی جارہی ہیں۔بہترین سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔عوام الناس کو پولیس دفاتر اور تھانوں میں پولیس سروسز کے حصول کے لیے بہترین ماحول میسر ہے۔علاوہ ازیں آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے ایس پی آفس صدر ڈویژن میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔میٹنگ میں ایس پی صدر ڈویژن، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز صدر ڈویژن نے شرکت کی۔
میٹنگ میں مقدمات کے چالان،نامکمل چالان اور زیر تفتیش مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کرائم سے بچاؤ اور سراغ براری کے لیے تمام وسائل بشمول انسانی و تکنیکی ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ہاٹ سپاٹس کی مسلسل مانیٹرنگ، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور منظم گینگز کا خاتمہ جرائم میں کمی کا باعث بنے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575210