سرگودھا۔ 27 مئی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سرگودھا محمد شہزاد آصف خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعہ کرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ منگل کومنعقدہ اجلاس میں ضلع بھکر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ جرائم کے لیے پولیس اقدامات اور سنگین مقدمات کی تفتیش میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر محمد شہزاد رفیق اعوان نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں تمام سرکلز کے سب ڈویژنل پولیس آفیسرز، تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ آر پی او نے اسلحہ نمائش، راہزنی
مویشی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مزید کمی لانے کے لئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے اور انسدادِ جرائم کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت موثراقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601884