راولپنڈی۔ 21 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضی کی ہدایات پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں مو ضع بھال میں واقع ہارٹس گرین ہاؤسنگ سکیم اور موضع چکر میں واقع ہارٹس فلورا فارم ہاؤسنگ سکیم کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق غیر قانونی رہائشی سکیموں کے مالکان اور سپانسرز اشتہارات کے ذریعہ عوام الناس کو گمراہ کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ، واٹس ایپ ، یوٹیوب ، اور دیگر ڈیجیٹل چینلز کے ذریعہ پروموشنز کو پھیلایا جا رہا ہے ، جو عام لوگوں کو جعلی سرمایہ کاری میں گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کریں اور غیر قانونی رہائشی سکیموں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائیں۔
مزید برآں غیر قانونی رہائشی سکیموں کے سپانسرز کو بھی فوری طور پر متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان کی غیر منظور شدہ و غیر قانونی رہائشی سکیم کی مارکیٹنگ کو روکیں اور قانون کے مطابق اس سکیم کی این او سی و منظوری حاصل کرنے کے لئے آر ڈی اے سے رابطہ کریں ، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے کنزا مرتضی کی ہدایت پر عام لوگوں کو ان کے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز رہائشی سکیموں میں کسی بھی طرح کی سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے چیک کرنے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی رہائشی سکیموں کے مالکان کے ذریعہ مذکورہ بالا مذکورہ جرائم اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز نجی رہائشی سکیموں کے قواعد 2021 کے اصول 37 کی خالف ورزی ہے۔
آر ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ آر ڈی اے نے سائبر کرائم اسلام آباد اور نیشنل احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کو مذکورہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں واٹس ایپ ، یوٹیوب اور انٹرنیٹ کی سہولت کے دیگر ایپس پر غیر قانونی اشتہارات کے بارے میں درخواست و معلومات کے ساتھ خط بھیج دیے ہیں۔ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تصدیق آرڈی اے ویب سائٹ پر کی جا سکتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی و غیر مجاز رہائشی سکیموں ، تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں ، دفاتر کی بکنگ اور تجاوزات کے خلاف بغیر کسی خوف اور خطر کے سخت کارروائی جاری رکھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599901