آر ڈی اے نے 3 غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں شاہ خراساں، امپیریل سٹی اور رنگ روڈ ٹائون کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیئے

110
RDA
RDA

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آرڈی اے نے تین غیر قانونی نجی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان سعید رضوی، مسعود عظمت اور عمر اعوان کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ ترجمان آرڈی اے کے مطابق غیر قانونی نجی ہائوسنگ سکیموں میں چکری روڈ پرموضع چاکرہ میں شاہ خراساں، مندرہ سے چکوال روڈ پر موضع سہنگ میں امپیریل سٹی اور چک بیلی خان روڈ راولپنڈی کے قریب موضع ہرکا، بسالی میں رنگ روڈ ٹائون شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائیں۔ مزید برآں، سپانسرز کو بھی متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ وغیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی مارکیٹنگ فوری طور پر بند کر دیں اور قانون کے مطابق سکیم کا این او سی و منظوری حاصل کرنے کے لیے آر ڈی اے رابطہ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر عوام الناس کو اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز ہائوسنگ سکیموں میں کسی قسم کی سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہائوسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے چیک کریں۔ اسے آر ڈی اے ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان اور سپانسرز اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پلاننگ ونگ آر ڈی اے نے سائبر کرائم ونگ اور ایف آئی اے سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے غیر قانونی اور گمراہ کن اشتہارات کے خلاف قانونی کارروائی کریں تاکہ عوام الناس کو ان کے گھپلوں میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا جرائم غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کے مالک کی طرف سے کیے گئے ہیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم رولز 2021 کے قاعدہ 37 کے تحت بھی قابل ذکر ہیں۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔