اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آزادانہ، صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ضروری ہے، ترقی یافتہ ملک کا خواب انتخابی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا، اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے لئے سنجیدہ نہیں ہے، اپوزیشن جماعتوں نے الیکٹرانگ ووٹنگ مشین کو دیکھے بغیر ہی اس پر اعتراضات اٹھا دیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے پرامن اور شفاف انتخابات انتخابی نظام کو بہتر بنانے کے لئے بہت اہم ہیں، حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علم کو فروغ دینے کے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے انتخابی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے انتخابی نظام کو زیادہ موثر، آزاد اور قابل اعتماد بنایا جا سکے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے عمل کو حتمی شکل دینے سے قبل حکومت نے بارہا تمام سٹیک ہولڈرز بشمول اپوزیشن اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تجاویز طلب کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ہم نے پارلیمان میں بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین رکھی اور اس پر مفصل بریفنگ بھی دی لیکن اپوزیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کئے بغیر ہی اس کو مسترد کر دیا۔