ننکانہ صاحب/اسلام آباد۔24 جولائی(اے پی پی )وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا اتوار کو شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد میں شاندار استقبال کیا گیا۔ حلقے کی کثیر عوام نے آزادکشمیر میںمسلم لیگ(ن) کی کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی اور انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی میں متحرک کردار اداکرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر جب صفدر آباد پہنچے تو مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد نے اُن کا استقبال کیا اور انہیں ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ لے جایا گیا ،اس موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور اس کے قائد محمدنواز شریف کا یہ ٹریک ریکارڈ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے اوریہی وجہ ہے کہ آج آزادکشمیر کی عوام نے بھی مسلم لیگ(ن) کو دوتہائی مینڈیٹ سے نوازا ہے۔