مظفرآباد۔3جنوری (اے پی پی):سپیکرقانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموںوکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں ممبرا سمبلی شاہ غلام قادر کی جانب سے نیلم میں آئے روز رونما ہونے والے حادثات اور ان کے تدراک کے حوالہ سے توجہ دلائو نوٹس پرموسٹ سینئر وزیر کرنل (ر ) وقار احمد نور نے کہا کہ پورے آزادکشمیر میں موسم سرما کے دوران حادثات رونما ہو رہے ہیں جن کا تدارک از حد ضروری ہے ۔
نیلم میں موسم سرما کے دوران مخصوص اوقات کار کے دوران کہر پڑنے کی وجہ سے پھسلن کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں۔
حکومت ان اوقات کار کے دوران سیاحوں کو کہر پڑنے والے مقامات کے بارے سفر ایڈوائزری جاری کر ے گی اور انتظامیہ کو اس حوالہ سے ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ جن
مقامات پر کہر پڑتی ہے وہاں پر نمک کا چھڑکائو کیا جائے گا۔ وزیر قانو ن وزیر عبدالوحید نے کہا کہ نوسیری سے چلہیانہ اور دواریاں سے چانگن انتہائی خطرناک ٹریک ہے جہاں حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اسی طرح کیل سے آگے بھی موسم سرماکے دوران بالخصوص برف باری میں سڑک سفر کے لیے موزوں نہیں ہے۔ روڈ سیفٹی کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ روڈ جیو میٹری پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
سڑک تعمیر کرتے وقت سپر ایلوویشن کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔سابق وزیر اعظم و ممبر اسمبلی سردار یعقوب خان نے کہا کہ تولی پیر روڈ ،لسڈنہ بھی ایسے ہی مسائل کا شکا ر ہے
وہاں پر بھی حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ میرے حلقہ میں سب سے زیادہ اموات حادثات کی وجہ سے ہوتی ہیں۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے وزیر حکومت نے کہا کہ روڈ کے ٹیکنیکل فالٹس کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔
ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم کی جانب سے آفات سماوی کے معاوضہ جات کی عدم ادائیگی کے حوالہ سے توجہ دلائو نوٹس پراظہار خیال کرتے ہوئے وقار احمد نور نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے اگست 2024کے دوران سو ملین روپے جبکہ نومبر 2024کے دوران بھی سو مین روپے ریلیز کیے ہیں۔
اسی طرح مکانات کے لیے بھی 2کروڑ ریلیز کر دیے گئے ہیں باقی 2کروڑ بھی ریلیز کر دیے جائیں گے۔ قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی جانب سیقرآن پاک کے مقدس اوراق کی حرمت کے حوالہ سے توجہ دلائو نوٹس پراظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور احمد رضا قادری نے کہا کہ عمومی طور پر دیگر صوبوں میں این جی او ز اور مذہبی تنظیمیں قرآن پاک کے مقدس اوراق کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیتی ہیں۔
حکومت نہ صرف ان کی سرپرستی کرے گی بلکہ حکومتی سطح پر قرآن محل بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ مظفرآباد 6کنال اراضی کو قرآن محل کے لیے مختص کریں گے۔