آزادکشمیر کے 6لاکھ بچوں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کرنے کیلئے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اورایپسکا کے مابین معاہدہ طے پا گیا

135
Red Crescent
Red Crescent

مظفرآباد۔10جنوری (اے پی پی):آزادکشمیر کے 6لاکھ بچوں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کرنے کیلئے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اورایپسکا کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔سیکرٹری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیر گلزار فاطمہ اور پرائیویٹ سکولز کالجز آرگنائزیشن کے صدر اشتیاق بخاری نے معاہدے پر دستخط کئے ۔

چیئر مین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اعجاز رضا سمیت پرائیویٹ سکولز کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیر اعجاز رضانے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں سکولوں اور کالجز کے طلبا و طالبات کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کرنے کیلئے ہونیوالا معاہدہ خوش آئند ہے ، آزادکشمیر کی نوجوان نسل اور بچوں کو ابتدائی طبی امداد اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تربیت فراہم کریں گے تاکہ زلزلوں ، سیلاب اور دیگر کسی بھی آفت کی صورت میں ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پولیس اور ریسکیو 1122 کو بھی تربیت فراہم کر رہا ہے ،4لاکھ سے زائد افراد کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کر چکے ہیں ،نیلم سے برنالہ تک بلا تفریق یہ تربیت ہر جگہ فراہم کریں گے ۔سیکرٹری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی محترمہ گلزار فاطمہ نے اس موقع پر کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائیویٹ سکول کالجز ایسوسی ایشن سے ہونیوالا معاہدہ ایک بڑی سرگرمی ہے ،ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈ ٹرینر ہونا چاہیئے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد فراہم کر سکے ،ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کر سکیں ۔

پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر اشتیاق بخاری نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے چھ لاکھ سے زائد بچوں کو ریڈ کریسنٹ ابتدائی طبی امداد ، ماحولیاتی مسائل کے تدارک سمیت دیگر تربیت کی فراہمی ایک بہترین اقدام ثابت ہو گا ، ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ساتھ مل کر معاشرے میں بہتری کیلئے کام کریں گے ،ہمارا خواب ہے کہ ہر گھر میں تربیت یافتہ فرد موجود ہو جو کسی بھی ناگہانی آفت میں فوری مدد فراہم کر سکے ۔