
اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق نے کہا ہے کہ آزادیِ اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل چھلنی کریں۔ ہمیں جس انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے اس کو اتحاد کے ساتھ ختم کرنا ہے۔ ہمیں مسائل کے حل کے لئے حضرت فاطمتہ الزہرا کی سیرت سے استفادہ کرنا ہوگا ۔
وہ اتوار کو جامعہ نعیمیہ میں خاتون جنت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ مفتی گلزار نعیمی، سربراہ جماعت اہل حرم، پاکستان کے زیر انتظام کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علما نے شرکت کی۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اللہ کی رحمت سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ کی عفت کے ساتھ چلتی ہے،ہم در زہراہ کے سوالی ہیں اور انہی کے توسط سے مانگتے ہیں۔آپ کی زندگی میں بہت مشکلات آئیں مگر آپ کے صبر کی بھی انتہا تھی، اسی لئے آپ کا ایک لقب صابرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک افتراق کا ماحول پیدا کیا گیا ہے ۔یمن، شام، بحرین، عراق سمیت کئی ممالک میں سنیت و شیعت کی بنیاد پر تباہی کی گئی ۔
آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا دل چھلنی کردیں۔ ناموس رسالت کا بڑا جواب ہونا چاہیئے، اس حوالے سے احتجاج کی اپنی اہمیت ہے، تاہم عوام کو مشکل نہ ہو۔اس حوالے سے موثر ترین حل یہ ہے کہ مغرب کے انصاف پسند طبقات کو باور کرائیں کہ اس عمل سے دنیا میں امن خراب ہورہاہے ۔صرف ایک لیڈر کے کہنے سے کچھ نہیں ہوگا، امت کو اس حوالے سے متحد ہوکر اقدام اٹھانا ہوگا۔