آزادی اظہار رائے کے ساتھ ساتھ ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کی لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

79

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے لاہور پریس کلب کے انتخابات میں نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، آزادی اظہار رائے کے ساتھ ساتھ ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کی ضرورت ہے، حکومت صحافیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، صحافی برادری کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈ زفراہم کئے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے لاہور پریس کلب کے انتخابات میں اعظم چوہدری کو صدر، سلیمان قریشی اور ناصرہ عتیق کو نائب صدور، عبدالمجید ساجد کو سیکرٹری، سالک نواز کو جوائنٹ سیکرٹری، شیراز حسنات کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونےپر اور نومنتخب اراکین گورننگ باڈی کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے اجتماعی اور انفرادی مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے، میڈیا صنعت کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے شفاف اور پائیدار پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ صحافی معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں، میڈیا کی نشاندہی پر ہی حکومت مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صحافیوں کی نومنتخب قیادت اپنے پیشے اور ساتھی صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرے گی۔