آزادی بڑی نعمت ، ملک خداداد کے حصول کےلئے ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیاں دی ہیں،وفاقی وزیررانا تنویر حسین

125

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت ،فوڈسکیورٹی و پیداوار رانا تنویر حسین نے دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو 78 ویں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اور اس ملک خداداد کے حصول کےلئے ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیاں دی ہیں، قائد اعظم کی انتھک محنت اور ولولہ انگیز قیادت کا نتیجہ ہے کہ بر صغیر کے مسلمانوں کو مسلم لیگ کے جھنڈے تلے یکجا کیا جس کی بدولت 14 اگست 1947 ء کو پاکستان دنیا کے نقشے پر آزاد ملک کے طور پر نمودار ہوا جس کی بدولت آج ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

وزارت صنعت ،فوڈ سیکورٹی و پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی تجدید عہد کا دن بھی ہے ،بطور پاکستانی اس ملک کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کرنا ہم سب پر اس وطن کے قیام کےلئے قربانی دینے والے شہدا کا قرض ہے جس کی ادائیگی کےلئے ہمیں قانون پسند اور محب وطن شہری کے طور پر کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹنے اور صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کےلئے اپنی ذاتی انا اور عناد سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنا ہوں گے، وطن سے محبت کا اولین تقاضا ہے کہ ہم علاقائی ،نسلی اور لسانی سمیت تمام تر امتیازات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملک کی سالمیت وترقی کےلئے یکجا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اقوام عالم میں پاکستان کو باوقار ریاست بنانے کےلئے پارٹی سربراہ میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پر عزم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر تحریک آزادی کے شہدا سمیت پاکستان کے دفاع و سلامتی کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی مسلح افواج ، پولیس، ڈاکٹر ز، اساتذہ اور دیگر اداروں کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہم تجدید عہد کرتے ہیں ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہم غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور حق خودارادیت کے حصول کےلئے ان کی اخلاقی، سیاسی ا ور سفارتی حمایت جاری رکھنا ہمارا فرض ہے، اللہ تعالیٰ انہیں آزادی کی نعمت سے ہمکنار اور ملک پاکستان پر اپنا خصوصی کرم فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین پاکستان زندہ باد۔