اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آزادی صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے، ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ایک باخبر معاشرے کی تشکیل میں صحافتی برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، آئین پاکستان آزادی اظہار رائے کی ضمانت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال تین مئی کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان کی پریس گیلری میں موجود صحافی حضرات ایوان میں ہونے والی قانون سازی اور کارروائی کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے اور حقائق اور سچ کو سامنے لانے کے لیے صحافی حضرات نے قابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور باخبر معاشرے کی تشکیل میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ صحافی حضرات اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حقائق کو سامنے لانے کے لیے شورش زدہ علاقوں میں اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین، مقبوضہ کشمیر اور دیگر شورش زدہ علاقوں میں پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دینے والے صحافی حضرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہر سال دنیا میں صحافیوں کی ایک بڑی تعداد اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہو جاتی ہے جو قابل مذمت ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ صحافی حضرات کی پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی کے دوران تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی سطح پر ایک مربوط لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر قانون سازی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے رائٹ آف ایکسس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 منظور کر کے عوام کو معلومات تک رسائی کا حق دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صحافتی برادری نے غیر معمولی پیشہ ورانہ سنجیدگی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کے ذریعے عالمی برادری کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کو درست اور بروقت معلومات تک رسائی دینے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے ہمیشہ صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کی ہے اور اس سلسلے میں مزید بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591395