28.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومتازہ ترینآزادی صحافت کا عالمی دن ، آج ہم سچائی کی تلاش خصوصاً...

آزادی صحافت کا عالمی دن ، آج ہم سچائی کی تلاش خصوصاً جنگ زدہ علاقوں میں رپورٹنگ کے دوران اپنی جانیں گنوا دینے والے صحافیوں کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں ،صدر مملکت آصف علی زرداری

- Advertisement -

اسلام آباد۔ 03 مئی ۔:صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آزادی ِصحافت کے عالمی دن پر ہم پاکستان میں ایک آزاد اور ذمہ دار پریس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، آج ہم سچائی کی تلاش ، خاص طور پر جنگ زدہ علاقوں جیسا کہ غزہ اور فلسطین، میں رپورٹنگ کے دوران اپنی جانیں گنوا دینے والے صحافیوں کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی جرات اور لگن ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دستورِ پاکستان کا آرٹیکل 19 چند ضوابط کے تحت آزادی اظہار اور آزاد صحافت کی ضمانت دیتا ہے۔ مکالمے کے فروغ ، سماجی، اقتصادی اور ماحولیاتی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنے، بدعنوانی بے نقاب کرنے اور پسماندہ طبقات کیلئے آواز بلند کرنے میں میڈیا کا کردار ناگزیر ہے۔ اگرچہ ہم نے صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بہت سے اقدامات لیے ، مگر انھیں ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا کلچر جہاں صحافی خوف اور ہراس کے بغیر اپنے فرائض سرانجام دینے میں خود کو محفوظ محسوس کریں وقت کی ضرورت ہے۔ میں میڈیا پر زور دیتا ہوں کہ وہ اعلیٰ صحافتی معیار، خبروں میں درستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھیں۔ عوام کے اعتماد کو مجروح کرنے والی جعلی خبروں، غلط معلومات اور سنسنی کے ماحول کے پیش ِنظر میڈیا کی ذمہ داری اور بھی بڑھ گئی ہے۔مزید برآں، شہریوں کے حقوق اور ذمہ داریوں اور سماجی و اقتصادی مسائل بارے آگاہی ، شہری تعلیم کے فروغ ، اور جمہوری عمل میں عوام کی شرکت کی حوصلہ افزائی میں میڈیا کا ایک اہم کردار ہے۔

پریس کو عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہیے اور بے آواز لوگوں کی آواز بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن، آئیے ، ہم آزادی صحافت کے تحفظ اور فروغ کے عزم کی تجدید کریں جو کہ جمہوریت کا ایک لازمی عنصر ہے ۔ مجھے امید ہے کہ حکومت آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ، وقار اور آزادی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گی۔ مجھے امید ہے کہ ہمارا میڈیا ہماری قوم کو قومی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر تعلیم اور آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591635

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں