آزادی ٹرین اپنے سفر پر گامزن ، ملک گیر سفر کا آغاز مارگلہ سٹیشن سے کیا
پشاور سے ہوتی ہوئی ٹرین راولپنڈی پہنچی ، یہاں سے لاہور کی طرف رواں دواں
اسلام آباد ۔ 15 اگست (اے پی پی) آزادی ٹرین اپنے سفر پر گامزن ہے، مختلف شہروں میں ٹرین کا پرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے، پاکستان ریلویز پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی منا رہی ہے اور اس موقع پر قوم سے یکجہتی کےلئے 15 یوم کےلئے آزادی سپیشل ٹرین چلائی گی ہے۔ آزادی سپیشل ٹرین نے ملک گیر سفر کا آغاز مارگلہ سٹیشن سے کیا ہے اور پشاور سے ہوتی ہوئی ٹرین راولپنڈی پہنچی اور یہاں سے لاہور کی طرف رواں دواں ہے۔ ٹرین بڑے سٹیشنوں پر رات کو قیا م کرتی ہے۔ اس دوران ثقافتی جشن کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ پشاور اور راولپنڈی کے بعد ٹرین، لاہور، ملتان، خانپور، سکھر، سبی، کوئٹہ، حیدر آباد اور کراچی ریلوے سٹیشنوں پر رکے گی۔ ٹرین پانچ گیلیریوں اور 6 فلوٹس پر مشتمل ہے۔ پانچ گیلیریاں پاکستان کی تحریک آزادی، پاکستان میں امن اور قوم کی حفاظت کےلئے مسلح افواج کی قربانیاں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، پاکستان کے ترقیاتی منصوبے اور سی پیک، پاکستان ریلوے کے مستقبل کے منصوبے کے موضوع پر مشتمل ہیں۔ 6 فلوٹس میں سے ہر ایک فلوٹ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے متعلق ہے جس میں خطہ کی مختلف رنگ و ثقافت کو نمایاں کیا گیا ہے۔ یہ آزادی ٹرین آئی ایس پی آر، وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی ادارے جن میں لوک ورثہ، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اور ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹرانک میڈیا اور نیشنل لاجسٹک سیل کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ لوک ورثہ کا ایک ٹروپ اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے سپانسر سے پتلی تماشہ کرنے والے عوام کی دلچسپی کےلئے آزادی ٹرین پر موجود ہیں اور اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ٹرین کا بنیادی مقصد لوگوں کو قائداعظم کی قیادت میں جدوجہد آزادی مسلح افواج کی قربانیاں کشمیر کاز قومی ہیروز کی شمولیت، پاکستان کی ترقی میں نمو کے بارے میں لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66345