کوئٹہ۔ 13 اگست (اے پی پی):پارلیمانی سیکریڑی ثقافت سیاحت و قانون نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ14اگست کا دن ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد جناح کی طویل جدوجہد کے بعد ملک کو آزادی ملی جسکی وجہ سے آج پاکستان پوری دنیا میں ایک ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے، ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے،دنیا کے مسلم ممالک پاکستان پرفخر محسوس کرتے ہیں،
یہ ملک ہم نے اپنے آبااجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا ،اس کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا۔انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر ملک اور صوبے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم اس ماحول میں پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا میر زرین خان مگسی نے کہا کہ یوم آزادی منانے کا مقصد ان شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ بڑی قوت کے ساتھ پیش کیا اور پاکستان کو دنیا کے آزاد ممالک کے نقشے میں شامل کیا پاکستان کی نوجوان نسل کو اس امر کا احساس ہونا چاہیے کہ مستقبل میں اس عظیم مملکت کی بھاگ ڈور انہوں نے سنبھالنی ہے۔ انہوں نے خود کو اقبال کے شاہین ثابت کرنا ہے۔
انہیں قائد کے ایمان اتحاد اور تنظیم کے درس کو ہر لمحہ اپنے پیش نظر رکھنا چاہیے اور یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ آزادی شور شرابے نہیں سنجیدگی کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم نے اپنی آزادی کی حفاظت کس طرح کرنی ہے۔ ملک کو ترقی کی راہ پر کس طرح گامزن کرنا ہے۔ ہم ایک باشعور اور عظیم قوم ہیںجسے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔ آزادی کا اظہار زندہ قوموں کی علامت ہے پاکستان ہماری شان ہے۔