آزادی کا سورج طلوع ہونے تک کشمیری اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے

159

سیالکوٹ۔5جنوری (اے پی پی):جموں و کشمیر فریڈم موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر زاہد غنی ڈار نے کہا ہے کہ ہزاروں بے گناہ کشمیری شہدا ء کی قربانیاں رنگ لائیں گی ، جب تک آزادی کا سورج طلوع نہیں ہو گا کشمیری اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ اتوار کو یوم حق خودارادیت کشمیر کے حوالے سے جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کا جلد اور پرامن حل ناگزیر ہوچکا ہے

یہ تنازعہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کشمیری عوام کشمیر کاز کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے سات دہائیوں سے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر کے عوام کو حق سے محروم رکھا ہوا ہے تاہم چونکہ کشمیر کے عوام باشعور ہیں اس لئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔