اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور وہ مل کر رہے گی، نگران حکومت شفاف اور احسن انداز میں انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بزرگ کشمیری رہنما یاسین ملک سمیت کشمیری حریت رہنمائوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، غیر قانونی قبضے کی بھارتی سپریم کورٹ سے توثیق کی کوئی حیثیت نہیں کیونکہ بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہر طرح سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور وہ مل کر رہے گی، کشمیر پر پاکستان کا کوئی رہنما الگ نظریہ نہیں رکھتا بلکہ کشمیریوں کے قانونی حق خودارادیت پر تمام پاکستانیوں کا یکساں موقف ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے چکا ہے، نگران حکومت شفاف اور احسن انداز میں انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ سیکورٹی صورتحال کو سیاسی طور پر استعمال کرنا نامناسب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور فروغ کیلئے سیاسی جماعتوں میں جمہوریت ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش گورننس جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ممالک کے درمیان آمدورفت نظم و ضبط کے تحت ہونی چاہئے، ہم بغیر دستاویزات کے آمدورفت کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے بجلی چوری کی مد میں ریکوری، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی روک تھام جیسے اقدامات کو تاجر برادری نے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کو پارلیمنٹ نے تشکیل دیا ہے، وہ آئین و قانون کے مطابق کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے۔