آزاد اور محفوظ صحافت کسی بھی جمہوریت کا بنیادی ستون ہے، بلاول بھٹو زرداری

163
Bilawal Bhutto Zardari

کراچی۔ 02 نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد اور محفوظ صحافت کسی بھی جمہوریت کا بنیادی ستون ہے،صحافت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ معاشرے اور جمہوریت کی خدمت ہے،دنیا بھر میں صحافیوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر اور غزہ جیسے علاقوں میں آزادیِ صحافت کو شدید خطرات لاحق ہیں،کشمیر اور غزہ میں صحافیوں کے خلاف ہراسانی، تشدد اور ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف دھونس، دھمکیاں اور تشدد آزادی اظہار اور عوام کے حقِ معلومات پر براہِ راست حملہ ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافت کی آزادی کی حامی رہی ہےاور ہر قسم کی سینسرشپ و جبر کے خلاف ہے،شہید بھٹونے ایک آزاد و ترقی پسند پاکستان کی بنیاد رکھی اور آزاد صحافت کو جمہوریت کے لیے ضروری قرار دیا،شہید بینظیر بھٹو کی میراث مشعل راہ ہے کہ ہر صورت میں صحافت کا دفاع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری بدترین میڈیا ٹرائیل کا شکارہونے کے باوجود ہمیشہ صحافت کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم رہتے ہیں،سچ اور انصاف کے لیے اپنی جانوں کا نذرانے پیش کرنے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے میراث کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافت کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی،خوف سے آزاد صحافت جمہوریت کا سنگِ بنیاد ہے، یقینی بنائیں گے کہ صحافی بلا خوف و خطر سچائی کی جستجو کر سکیں،یہ صرف ہمارے صحافیوں کا حق نہیں بلکہ ہر شہری کا حق ہے کہ وہ باخبر رہے۔