اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس کی طرف سے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کے ذریعے کشمیر سمیت تمام تنازعات حل کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کا کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف متوجہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کو غیر حل شدہ مسئلہ کی سنگینی کا احساس ہے اور بین الاقوامی برادری اس اہم ترین تنازعہ کو پرُامن ذرائع سے حل کرنے کی خواہشمند ہے۔ ہفتہ کے روز سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کی تاریخ بڑی مایوس کن ہے۔ بھارت نے دوطرفہ مذاکرات کو ہمیشہ کشمیر پر اپنے غاصبانہ فوجی قبضہ کو مستحکم کرنے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے استعمال کیا اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔