آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان کی میڈیا سے گفتگو

71

میرپور۔ 5 اکتوبر (اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاہے کہ میرپور زلزلے کی صورت قدرت نے ہمیں ایک با ر پھر متنبہ کیا ہے کہ ہم قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کریں اور اس حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کریں تاکہ مستقبل میں ایسی کسی ناگہانی صورتحال میں کم سے کم نقصان ہو۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال میرپور میں زلزلے سے زخمی ہونے والے افراد کی تیمارداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ 24 ستمبر کے زلزلے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ہمارے دل سخت رنجیدہ ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اس بات کا اطمینان بھی ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے تمام اداروں نے باہم مربوط کوششوں سے ریسکیو اور ریلیف کا کام نہایت احسن انداز میں کیا جس سے جانی و مالی نقصانات میں کمی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات پہلی بار کھل کر سامنے آئی ہے کہ 2005 ءکے تباہ کن زلزلے کے بعد حکومت، اہم حکومتی اداروں، سماجی تنظیموں اور عوام نے کئی سبق سیکھے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کیا ، یہی وجہ ہے کہ 2005 ء اور 2019ء کے زلزلے کے نقصانات میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔