میرپور ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماﺅں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر جراتمندانہ موقف اختیار کیا‘ وزیراعظم کا خطاب حقیقت پر مبنی اور جموں و کشمیر کے عوام کی حقیقی آواز ہے۔ جمعرات کو ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے جموں و کشمیر کے عوام کی حقیقی خواہشات کو پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم نواز شریف نے جموں و کشمیر کا مسئلہ اور بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کو اٹھایا اس سے پاکستان کے کشمیر کاز کے لئے ٹھوس عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے عالمی برادری کو کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بارے میں یاد دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حقیقت مندانہ طور پر یہ بات اٹھائی کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔