آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں زیر تربیت افسران کے وفد سے خطاب

139

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کےلئے مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، اگر بھارت مسئلہ کشمیر کو فوجی طریقے سے حل کرنے پر بضد رہا تو اس خطہ میں ایٹمی جنگ ہو سکتی ہے جس کی بین الاقوامی برادری کبھی اجازت نہیں دے گی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل خطہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر جموں و کشمیر کے مسئلہ کے حل کےلئے اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کریں جو بھارت، پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام سے بات چیت کرکے مسئلہ کشمیر کا کوئی قابل عمل اور قابل قبول حل کی راہ ہموار کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایوان صدر میں پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں زیر تربیت افسران کے سو رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد ان دنوں آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کر رہا ہے جس کی قیادت وار کالج کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کر رہے ہیں۔