نیویارک ۔19ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نے کہاکہ آزاد فلسطینی ریاست مشرق وسطی کے امن کےلیے اہم ہے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی زیر صدارت مشرق وسطی امن عمل کی بحالی کی کوششوں پر بات چیت کے لیے گزشتہ روز نیو یارک میں عرب وزرائے خارجہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ابو الغیط، اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی، مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری، یورپی یونین کے اعلی نمائندہ برائے امور خارجہ سمیت 70ممالک اور بین الاقوامی تنظیم کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں مشرق وسطی امن عمل میں پیشرفت کے لیے مشترکہ کوششوں میں ہم آہنگی کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں امن عمل کے اقدامات پر تبادلہ خیال کے لیے سیاسی، اقتصادی اور انسانی ورکنگ ٹیموں کی تشکیل پر بھی غور کیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر فلسطین، اسرائیل تنازع کا کوئی حل نہیں ہے۔ انہو ں نے کہاکہ تنازع کے دو ریاستی حل کے لیے کوششیں کی جانی چاہیئں۔اجلاس میں موجود ممالک نے مسئلے کے حل اور اسے حقیقت بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود اور مشیر دفتر خارجہ ڈاکٹر منال رضوان نے بھی شرکت کی۔