اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الاضحیٰ روایتی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں لاہور ، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوگا۔
کراچی، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الاضحیٰ کے اجتماعات میں ملک کی سالمیت، ترقی اور بقاکے لئے دعائیں کی جائیں گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحی ٰ پیر کو کو منائی جارہی ہے۔ ملک بھر میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔
دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ نماز عید کے اجتماعات وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات میں مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر ہوں گے۔
علمائے کرام عید کے خطبات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ نماز عید کے بعد لوگ حضرت ابراہیم کی سنت کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔
شہری انتظامیہ نے عید کے دنوں میں آلائشیں اور دوسرا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ دریں اثنا سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں (آج) اتوار کو عید الاضحیٰ منائی گئی۔ مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام اور مدینہ المنورہ میں مسجد نبوی میں لاکھوں فرزندان اسلام نے عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی۔