13.8 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومعلاقائی خبریںآزاد کشمیر میں نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2024 کی لانچنگ تقریب کا...

آزاد کشمیر میں نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2024 کی لانچنگ تقریب کا انعقاد

- Advertisement -

مظفرآباد۔25فروری (اے پی پی):یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام، کرسر آف ڈویلپمنٹ اینڈ ایجوکیشن پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کے اشتراک سے نجی ہوٹل میں پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2024 کی آزاد کشمیر میں لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈویلپمنٹ پالیسی یونٹ این ڈی پی کی اسسٹنٹ ریزیڈنٹ چیف عمارہ درانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2024 کے نکات پر تفصیلی روشنی ڈالی جس کے بعد رپورٹ کی سکریننگ کی گئی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے پوری دنیا کے ساتھ ہم آہنگ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن وقت کی ضرورت ہے، ہمارا ڈیجیٹل ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس سکور باقی صوبوں کی نسبت بہتر ہے۔ آزاد کشمیر کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔

- Advertisement -

اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز مربوط لائحہ عمل بناکر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ موجودہ ڈیجیٹل دور میں پاکستان کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے یو این ڈی پی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2024 کی سفارشات کی روشنی میں تمام سٹیک ہولڈرز سمیت ہم سب کو انفرادی حیثیت میں بھی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کی رسائی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم معاشرے میں نہ صرف معاشی استحکام لاسکتے ہیں بلکہ اس سے عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہوں گے۔ محکمہ جات کے سربراہان کو ای گورننس اور ڈیجیٹل انوائرمنٹ کی طرف جانا ہو گا تاکہ شہری اس سے مستفید ہو سکیں۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے یو این ڈی پی، کوڈ پاکستان، جامعہ کشمیر و دیگر سٹیک ہولڈرز کا بہترین ایونٹ آرگنائز کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی رفاقت مغل نے ایونٹ آرگنائز کرنے پر یو این ڈی پی، کوڈ پاکستان، جامعہ کشمیر و دیگر سٹیک ہولڈر کا ایونٹ کے بہترین انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں آئی ٹی لینڈ سکیپ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو یو این ڈی پی اور کوڈ پاکستان کی جانب سے نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2024 پیش کی گئی۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے ڈیجیٹلائزیشن آف ہیومن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ایس سی او، آئی ٹی بورڈ، جامعہ کشمیر شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبا کے پراجیکٹس، محکمہ تعلیم، مودی وسائل، بیورو آف سٹیٹسٹکس اور مون کریشن کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا۔

اس سے پہلے کوڈ پاکستان سے دلاور خان نے آن لائن کامیاب کاروبار کرنے والی خواتین کا سیشن ماڈریٹ کروایا جس میں وائے بکس کی بانی ماریہ ریاض اور طوبی مجید نے شرکاء کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال اور انٹرنیٹ پر دستیاب مواقع پر کامیاب کاروبار چلانے بارے تفصیلی طور پر بتایا اور شرکاء کے سوالات کے جواب دیئے۔

ڈیجیٹل سٹریٹجی کے سربراہ منیب احمد خان، سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق، ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کشمیر ڈاکٹر ربیعہ ریاض نے ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پائیدار ترقی پر سیشن دیا۔ لانچنگ تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عاطف رحمان، سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت علی، سیکرٹری صنعت و حرفت خالد محمود مرزا، سیکرٹری ماحولیات عامر محمود مرزا، سیکرٹری سپورٹس محمد راشد حنیف، مئیر بلدیہ سید سکندر گیلانی، چیئرپرسن المقدس ویلفئیر سوسائٹی شازیہ اعوان، ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے مالکان اور طلبا و دیگر نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566208

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں