اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):آزاد کشمیر کے محکمہ زراعت شعبہ توسیع نے ضلع مظفرآباد میں آمدہ سیزن میں پھلدار پودوں کے باغات کی مناسب مینجمنٹ کے لیے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا۔ اس پروگرام کے تحت تمام زرعی مراکز پر تعینات بڈرز، بیلداران اور فیلڈ معاونین کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ تربیت کا مقصد سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کرتے ہوئے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے پھلدار پودوں کی بروقت اور زرعی اصولوں کے مطابق شاختراشی کروانا ہے، اس کے ساتھ ہی بلڈنگ اور گرافٹنگ کے ذریعے جنگلی فلورا کے روٹ سٹاک پر معیاری نسل کے پھلوں کی پیداوار یقینی بنائی جائے گی۔ اس تربیتی پروگرام کے تحت گزشتہ روز تحصیل پٹہکہ کے سرکل کہوڑی میں تعینات بڈرز، بیلداران اور فیلڈ معاونین کی کیپسٹی بلڈنگ کے لیے شاختراشی، بڈنگ اور گرافٹننگ کی عملی تربیت کا انعقاد کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر خوش بخت زاہد نے تربیتی سیشن میں شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر مرتضی گیلانی نے سرکل کے سٹاف کو عملی تربیت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر خوش بخت زاہد نے کہا کہ غیر پیداواری اور غیر معاشی پھلوں کے باغات کو صحیح النسل پودوں سے تبدیل کیا جائے گا، باغات میں پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے انکی مناسب طریقے سے شاخ تراشی کی جائے گی تاکہ ان سے زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکے۔ اسکے علاوہ بڈنگ اور گرافٹننگ کے ذریعے پھلدار باغات کے رقبہ میں اضافہ، میعاری پودوں کی پیداوار، پہلے سے موجود روٹ سٹاک میعاری پودوں میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف آمدہ سیزن میں زمینداروں کی معاونت کریں تاکہ معیاری پودوں کے ذریعے اچھی نسل کا پھل حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ درختوں کی ساخت اور سائز کو ایک خاص معیار تک رکھنے اور اس کی پیداوار میں اضافے کے لیے اس کی غیر ضروری، خشک اور بیمار ٹہنیوں کی شاخ تراشی ضروری ہے۔ شاخ تراشی کو پروفیشنل طریقے سے سرانجام دیا جانا ہوتا ہے تاکہ پودوں کے سائز کو کنٹرول کرتے ہوئے پھل کے سائز میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شاخ تراشی اور بڈنگ گرافٹنگ کرنے والا ماہر، تجربہ کار اور شاخ تراشی و بڈنگ کے اصولوں سے باخبر ہونا چاہیے تاکہ وہ پودوں کو نقصان نہ پہنچائے۔ شاخ تراشی اور بڈنگ گرافٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے اوزار تیز ہونے چاہئیں اور جن اوزاروں سے بیمار ٹہنیاں کاٹی جائیں انکو صاف کیے بغیر صحت مند پودوں پر استعمال نہ کیا جائے تاکہ بیماری صحت مند درختوں تک نہ پھیل سکے۔ انہوں نے کہ کہ فیلڈ سٹاف زمینداروں کی ہمہ وقت معاونت کو یقینی بنائے اور انہیں اپنے باغات کی منظم طریقے سے دیکھا بحال کے لیے رہنمائی فراہم کرے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر مرتضی گیلانی نے سٹاف کو عملی طور پر شاخ تراشی اور بڈنگ گرافٹنگ کی تربیت اور باغات کی مینجمنٹ بارے شرکا کو تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح بہتر مینجمنٹ کے اصولوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے باغات کو مزید منافع بخش بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ باغات کی بہتر مینجمنٹ، بروقت آبپاشی، پیسٹ مینجمنٹ اور سائنسی طریقوں کو اختیار کر کے ان سے پیداوار کو کافی حد تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کوالٹی اور بہتر پیداوار کے حصول کیلئے پودوں کی ایسی اقسام کی کاشت کے بارے میں زمینداروں کو آگاہی فراہم کی جائے جن سے زیادہ پیداوار حاصل ہو سکے۔ اس سلسلہ میں موسمیاتی تبدیلیوں اور مارکیٹ ڈیمانڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے پودے منتخب کرنے کی ترغیب دی جائے۔