22.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںآزمائش اور تکلیف کی گھڑی میں نبی اکرمؐ کی رحمت کے سائے...

آزمائش اور تکلیف کی گھڑی میں نبی اکرمؐ کی رحمت کے سائے کے طلبگار ہیں،بطور منتخب نمائندے ہمارا فرض ہے کہ حضرت محمد ؐ کی تعلیمات کی روشنی میں قوم کی رہنمائی کریں، سردار ایاز صادق

- Advertisement -

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آزمائش اور تکلیف کی گھڑی میں پوری قوم افسردہ ہے، ہم سب اس موقع پر نبی اکرم ﷺ کی رحمت کے سائے کے طلبگار ہیں، بطور منتخب نمائندے ہمارا فرض ہے کہ حضرت محمد مصطفٰی ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اس مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کریں۔پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز میں اظہار خیال کرتے ہوئے

انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے مقدس مہینے کا آغاز ہو چکا ہے، اس سال اس مہینے کی اہمیت اس لحاظ سے بھی تاریخی ہے کہ یہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا پندرہ سو سالہ جشن ولادت باسعادت ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس بابرکت مہینے اور جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں چراغاں، نمائشیں، میلاد شریف اور دیگر تقاریب کے انعقاد کا ایک جامع پروگرام ترتیب دیا تھا تاہم گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ملک کو طوفانی بارشوں، کلائوڈ برسٹ اور بھارت کی جانب سے مشرقی دریائوں میں اچانک پانی چھوڑنے کے باعث تاریخ کے بدترین سیلاب اور تباہی کا سامنا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، کشمیر، خیبرپختونخوا، پنجاب اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع، املاک اور انفراسٹرکچر کی تباہی کے بعد اب یہ سپر فلڈ سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش اور تکلیف کی اس گھڑی میں پوری قوم افسردہ ہے۔ ایسے میں ہم سب اس موقع پر نبی اکرم ﷺ کی رحمت کے سائے کے طلبگار ہیں۔ بطورِ منتخب نمائندے ہمارا فرض ہے کہ حضرت محمد مصطفٰی ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اس مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کریں۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ہائوس میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک سادہ لیکن پر وقار پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر سپیکر نے تمام اراکین اسمبلی سے اپیل کی کہ ربیع الاول کے اس مقدس مہینے کو خدمتِ انسانیت کے لیے وقف کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی اختلافات کا نہیں بلکہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے پندرہ سو سالہ جشن کو سادگی اور سنت نبوی ﷺ کی شان کے مطابق منایا جائے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں