کینبرا۔26اگست (اے پی پی):آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے ایران پر ملک میں یہود مخالف حملے کروانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایرانی سفیر احمد صادقی کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا ہے۔شنہوا کے مطابق منگل کو پریس کانفرنس میں آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ آسٹریلوی سکیورٹی انٹیلی جنس آرگنائزیشن (اے ایس آئی او) نے شواہد اکٹھے کیے ہیں کہ ایران نے اکتوبر 2023 سے سڈنی اور میلبورن میں آسٹریلوی یہودی کمیونٹی پر دو حملے کروائے۔
انہوں نے کہاکہ ایران نے اپنی شمولیت کو چھپانے کی کوشش کی، لیکن اے ایس آئی او کا اندازہ ہے کہ ان حملوں کے پیچھے ایران ہی تھا۔انہوں نے کہا کہ ایران میں آسٹریلوی سفارت خانہ اپنی کارروائیاں معطل کر چکا ہے اور تمام سفارتکار محفوظ طور پر کسی تیسرے ملک میں موجود ہیں۔ انتھونی البانیز نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی جانب بڑھ رہی ہے۔
آسٹریلیا کی وزیرِ خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ دوسری جنگِ عظیم کے بعد کسی سفیر کو آسٹریلیا سے نکالا گیا ہے، اور انہوں نے ایران میں موجود آسٹریلوی شہریوں پر زور دیا کہ اگر ممکن ہو تو وہ ملک چھوڑ دیں۔