کوالالمپور7 مارچ (اے پی پی)آسٹریلوی ٹیم سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ فائنل میں پہنچ گئی، آسٹریلیا نے اپنے چوتھے میچ میں آئرلینڈ کو شکست دے کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی فائنل کیلئے بھی ٹکٹ کٹوا لیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے اس سے قبل بھارت، ملائیشیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔ ملائیشیا میں جاری ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے آئرلینڈ کو با آسانی ایک کے مقابلے میں 4 گولز سے ہرا کر مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹی، اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ناقابل شکست ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، فاتح ٹیم کی جانب سے ویٹن، بیلے، گوورز اور ہاروائی نے گولز کئے، آسٹریلوی ٹیم ایونٹ میں اپنا پانچواں اور آخری میچ کل جمعرات کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی۔