اسلام آباد ۔30 مئی(اے پی پی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے زیر اہتمام انگلینڈ میں شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کا یہ بارہواں ایڈیشن ہے جس میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی۔ انگلینڈ میں ورلڈ کپ کا پانچویں مرتبہ انعقاد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل 1975ئ، 1979ئ،1983ءاور 1999ئ، میں عالمی کپ کا میلا سج چکا ہے۔ اب تک دنیا کے مختلف ممالک میں گیارہ ورلڈ کپ کا انعقاد ہوچکا ہے یہ ورلڈ کپ بھی 1992ءکے ورلڈ کپ کی طرز پر کھیلا جا رہا ہے۔ میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں میں سب سے زیادہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ہے جس کی ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن ہے اور وہ اب تک ریکارڈ پانچ ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اس سے قبل 1987ئ، 1999ئ، 2003ئ، 2007ءاور 2015ءمیں ورلڈ کپ ٹرافی جیت چکی ہے۔ اسی طرح ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی دو ورلڈ کپ کی فاتح رہ چکی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلے دو مرتبہ مسلسل ٹائٹل 1975ءاور 1979ءمیں اپنے نام کیا۔ بھارت کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے اور وہ اب تک دو بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے، بھارت نے 1983ءاور 2011ءکا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اب تک ایک ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔ پاکستان ٹیم نے 1992ءکا ورلڈ کپ عمران خان کی قیادت میں حاصل کیا تھا۔