اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی)آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور ایسے اقدامات بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے بھی پیغام ہیں کہ موجودہ حکومت کے کاروبار دوست اقدامات سے یہاں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت نے ملکی کاروباری برادری کے علاوہ بین الاقوامی بزنس کمیونٹی کے حوالے سے بھی ایسے اقدامات کئے ہیں جس سے یہ پیغام جاتا ہے کہ پاکستان خطے کے اہم ملک کی حیثیت سے آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان ورلڈ اکانومی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، موجودہ حکومت کے قیام کے بعد بین الاقومی بزنس کمیونٹی بھی سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت کے سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات نے اسے کاروبار دوست ملک بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ان کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا حکومت کے لئے اہم چیلنج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کام کرنے والی پاکستانی کمیونٹی سے پاکستان کو زرمبادلہ کا بڑاحصہ ملتا ہے مگر پاکستان کو بہتر اکانومی کے لئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو بین الاقوامی بزنس مارکیٹ میں مزید جگہ بنانے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ جب ملکی معیشت مضبوط ہوتی ہے تو ملک میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں جس سے خوشحالی آتی ہے اور نوجوان طبقہ زیادہ محنت سے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی معیشت کو اس سطح پر دیکھنا چاہتے ہیں جہاں پر بیروزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں، صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے زر مبادلہ سے ملکی معیشت کو دیرپا سنبھالا نہیں دیا جاسکتا۔