سرگودہا۔3جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینےکے لیےآسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے ملاقات کی۔اس دوران جراثیم کش مزاحمت، موسمیاتی تبدیلیوں کا زراعت اور زراعت میں پانی کے استعمال پر اثرات، پھلوں کے فضلے پر مبنی فیڈ ایڈیٹوز کا پولٹری کے لیے اینٹی بائیوٹکس کے متبادل کے طور پر استعمال جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الشعبہ جاتی تحقیق کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ملاقات میں آسٹریلین مرکز برائے بین الاقوامی زرعی تحقیق کے تعاون سے جاری مالی منصوبے جدید ویلیو چینز میں شرکت کے ذریعے چھوٹے زمینداروں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
ملاقات میں اس بات کو بھی زیرِ بحث لایا گیا کہ کس طرح سٹرس گروورز کو فعال کیا جائے اورزرعی کمیونٹی کی شراکت داری میں اضافہ کیا جائے۔مزید برآں ایسی تحقیق کو فروغ دینے پر زور دیا گیا کہ جس کا براہ راست فائدہ زرعی کمیونٹی کو ہو۔
دوران ملاقات دونوں فریقین نے ممکنہ تعاون کے لیے متعدد شعبوں کی نشاندہی کی اور باہمی تعاون کے فروغ پراتفاق کیا۔ملاقات کے دوران طے پایا کہ آسٹریلیا میں ریورینا کے کامیاب ماڈل پر مبنی سرگودھا کی ترقی اور مقامی کاشتکار برادری کو جدید فارمنگ کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی لیے مختصر کورسز کا آغاز کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے وظائف کا اہتمام کیا جائے گا۔ایگریکلچر اینڈ اینیمل پروڈکشن ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام، کسانوں کو زرعی اجناس کی قیمتوں اور کھپت کا ڈیٹا فراہم کرنے والی موبائل ایپ کی تیاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفد نے بھلوال روڈ پر پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا، اور مقامی کاشتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے خطے میں سٹرس کی کاشت میں درپیش مسائل کے بارے میں جانا۔
ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کو سووینئر اور ثقافتی تحائف بھی پیش کیے۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی اساتذہ، افسران اور مسیحی ورکرز کی موجودگی میں کرسمس کا کیک کاٹا اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر اسٹیٹ آفس کو مبارک باد پیش کی۔