آسٹریلیامیں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں چھ ماہ کے دوران 34.8 فیصد اضافہ

70
State Bank

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):آسٹریلیامیں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 34.8 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں آسٹریلیامیں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 390.3 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 34.8 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں آسٹریلیامیں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 289.6 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

دسمبرمیں آسٹریلیا سے ترسیلات زرکاحجم 64.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر2020 کے مقابلہ میں 12.76 فیصدزیادہ ہے، دسمبر2020 میں آسٹریلیاسے ترسیلات زرکاحجم 57.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ زرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات، سہولیات اورترغیبات دینے کے نتیجہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں مسلسل اضافہ ہورہاہے اورجاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طورپر11.3 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔