اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اے پی پی) آسٹریلیا نے دو لاکھ پچیس ہزار پاکستانی کپاس کے کاشت کاروں کی تربیت کے لئے شراکت داری کا آغاز کر دیا۔آسٹریلیا کی حکومت، کاٹن آسٹریلیا اور بیٹر کاٹن آنیشیٹو (بی سی آئی)نے ملکر کپاس کے کاشت کاروں کی تربیت کے لیے شراکت داری کا آغاز کیا ہے۔بہتر، ماحولیاتی، سماجی اور اقتصادی فوائد پر خصوصی توجہ کے ساتھ پاکستانی کسانوں کو کپاس کی بوائی اور بہتر کپاس کے معیاری نظام میں تربیت دی جائے گی۔ جمعرات کو پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن نے اس اجراءکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹنرشپ کاٹن آسٹریلیا اور آسٹریلیا میں کپاس کے کاشت کاروں کے ساتھ مل کر کام کریں گی، جو پاکستان میں کسانوں کے ساتھ ان کا دنیا بھر میں معروف طرز عمل، مہارت اور تجربے کا اشتراک کریں گے۔آسٹریلوی کپاس کے طرز عمل کو فروغ دے کر ہم پاکستان میں کپاس کی عالمی ساکھ کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔ جس سے پاکستان میں روئی کے مستقبل کا تحفظ بھی ہوگا۔انہوں نے کہا نے کہ یہ نمو اور انوویشن فنڈ ایڈیڈاس، ، ایچ اینڈ ایم، لیوی اسٹراس اینڈ کمپنی، مارکس اور سپینسر، کاٹن آن، ٹیسکو، سینسبریز، ٹومی ہل فیگر اور نائکی کے تعاون سے جمع کیا گیا ہے۔