آسٹریلیا نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں با آسانی 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں بھی 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

174

آسٹریلیا نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں با آسانی 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں بھی 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، کینگروز نے 213 رنز کا ہدف 31 اوورز میں پورا کیا، بیلی ، فنچ نے شاندار بلے بازی اور ہیسٹنگز نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلوائی، بیلی 90 رنز بنا کر ناقابل شکست، فنچ 55 رنز بنا سکے، ہیسٹنگز کی 6 وکٹیں، ہیسٹنگز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
دمبولا ۔ 31 اگست (اے پی پی) جان ہیسٹنگز کی تباہ کن باﺅلنگ کے بعد جارج بیلی اور ایرون فنچ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، کینگروز نے سری لنکا کے خلاف اس کی سرزمین پر مسلسل تیسری ون ڈے سیریز اپنے نام کی ہے۔ کینگروز نے 213 رنز کا ہدف 31 اوورز میں 4 وکٹوں پر پورا کیا، فنچ اور وارنر نے 5.3 اوورز میں 74 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، فنچ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی طرف سے مشترکہ طور پر تیز ترین نصف سنچری بنائی، انہوں نے 18 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور 55 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد جارج بیلی نے آئی لینڈرز کے باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ ڈی سلوا کی 76 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ جان ہیسٹنگز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔