میلبورن ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) آسٹریلیا نے ڈیون وارنر کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 117 رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی، کینگروز نے وارنر کی 156 رنز کی دلکش اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کےلئے 265 رنز کا ہدف دیا، کیوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 147 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، مارٹن گپٹل 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مچل سٹارک نے تین جبکہ پیٹ کمنز، جیمز فوکنر اور تراوس ہیڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ وارنر کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، ڈیوڈ وارنر کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے، وارنر نے کیریئر کی 11 ویں سنچری سکور کی اور 156 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر رن آﺅٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے، دیگر بلے بازوں میں تراوس ہیڈ 37 اور جارج بیلی 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32928