سڈنی ۔ 22 جنوری (اے پی پی) آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں 86 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، کینگروز نے پہلے کھیلتے ہوئے 353 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر نے 130 اور گلین میکسویل نے 78 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، تراوس ہیڈ نے 51 اور سٹیون سمتھ نے 49 رنز بنائے، حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 267 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، شرجیل خان نے 74 رنز بنائے، جوش ہیزلووڈ اور ایڈم زمپا نے تین، تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔