میلبورن۔18فروری (اے پی پی):آسٹریلیا نے چوتھے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم نے 140 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا،
گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، اوپنر پاتھم نسانکا نے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں کوشال مینڈس 27 اور چاریتھ اسلانکا 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے جے رچرڈسن اور کین رچرڈسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، گلین میسکویل نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جوش انگلیس نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔