آسٹریلیا ویمن نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کو 101 رنز ہرا کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا

106
آسٹریلیا ویمن نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کو 101 رنز ہرا کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا

سڈنی۔21جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا ویمن نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کو 101 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا، میزبان ٹیم آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 336 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، بیتھ مونی نے 133 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے، بسمہ معروف 44 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ بیتھ مونی کو میچ اور سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز نارتھ سڈنی اوول میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے، بیتھ مونی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 105 گیندوں پر 133 رنز بنائے جس میں 4 چھکے شامل تھے،

یہ ان کے کیریئر کی بہترین اننگز ہے۔کپتان میگ لیننگ 72 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں۔ پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثناءنے تین جبکہ ڈیانا بیگ اور ندا ڈار نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی خواتین ٹیم پہاڑجیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے، کپتان بسمہ معروف 44 ، سدرہ امین 34 ، صدف شمس 30 ، ندا ڈار 29 اور منیبہ علی 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، آسٹریلیا کی طرف سے ایشلی گارڈنر نے تین اور جین جونیسن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔