آسٹریلیا کا طلبا اور ہنر مند افراد کے لیے ویزا قوانین سخت کرنے کا فیصلہ

204
آسٹریلیا کا طلبا اور ہنر مند افراد کے لیے ویزا قوانین سخت کرنے کا فیصلہ

کینبرا۔13دسمبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے تارکین وطن کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیےغیرملکی طلبا اور کم ہنرمند افراد کے لیے ویزا قوانین کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک میں تعلیم کے لیے آنے والے بین الاقوامی طلبا اور کم ہنرمند افراد کے لیے ویزا کے قوانین کو سخت کریں گے۔نئی پالیسیوں کے تحت بین الاقوامی طلبا کو انگریزی ٹیسٹ میں اعلیٰ درجہ بندی حاصل کرنے کی ضرورت ہو گی اور طالب علم کی دوسری ویزا درخواست پر مزید جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔

وزیر داخلہ کلیئر اونیل نے کہا کہ ہماری حکمت عملی نقل مکانی کی تعداد کو معمول پر لائے گی، یہ صرف نمبروں کی حد تک نہیں ہے اس وقت ہمارا ملک ہجرت کا جو تجربہ کر رہا ہے یہ درحقیقت آسٹریلیا کے مستقبل کے بارے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی امیگریشن پالیسی اُن غیرملکی ہنرمندوں کو آسٹریلیا کی جانب زیادہ سے زیادہ راغب کرے گی جن کی آسڑیلیا کو بہت ضرورت ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار غیرملکی طلبا ہیں، جون 2023 تک 5 لاکھ 10 ہزار افراد آسٹریلیا میں آکر آباد ہوئے ہیں اب اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے جون 2025 تک سالانہ انٹیک ڈھائی لاکھ تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔آسڑیلیا میں تارکین وطن کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے پھر بھی ملک میں ہنر مند افراد کی بہت کمی ہے۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ آسٹریلیا کی نقل مکانی کی تعداد کو پائیدار سطح پر واپس لانے کی ضرورت ہے نظام خراب ہو چکا ہے۔