میلبورن۔ 28 دسمبر (اے پی پی) آسٹریلیا کی میلبورن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، کینگروز نے ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لئے اور اسے 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ہفتہ کو …
آسٹریلیا کی نیوزی لینڈ کے خلاف میلبورن ٹیسٹ میں گرفت مضبوط، 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی
میلبورن۔ 28 دسمبر (اے پی پی) آسٹریلیا کی میلبورن ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، کینگروز نے ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لئے اور اسے 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ہفتہ کو میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 44 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 9 اور روس ٹیلر 2 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، ٹیلر گزشتہ روز کے سکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر جو برنز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، اگلی ہی گیند پر پیٹ کمنز نے ہینری نکولس کو ایل بی ڈبلیو کرکے نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، بی جے واٹلنگ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 رنز بناکر جیمز پیٹنسن کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے، 97 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب کولن ڈی گرانڈ ہوم 11 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے، اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 148 پر ڈھیر ہوگئی، ٹام لیتھم 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، پیٹ کمنز نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، جیمز پیٹنسن نے 3 اور مچل سٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ آسٹریلیا نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا لئے اور اسے 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، ڈیوڈ وارنر 38 ، جو برنز 35 ، مارنس لابوشین 19اور سٹیو سمتھ 7 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، میتھیو ویڈ 15 اور تراوس ہیڈ 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، نیل ویگنر نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔









