آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے قومی سکواڈز کا اعلان

53
PCB
PCB

کراچی۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان کردیا ، آل راونڈر محمد نواز ، لیفٹ آرم سپنر آصف آفریدی اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث قومی سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آصف آفریدی اور محمد حارث کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔آصف آفریدی نے پی ایس ایل 7 کے 5 میچز میں 8 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ محمد حارث نے 5 میچز میں 166 رنز سکور کیے تھے۔ وہ ملک کے مختلف مقامات پر جاری پاکستان کپ کے 7 میچز میں 219 رنز بھی بنا چکے ہیں جبکہ پاکستان کپ میں آصف آفریدی بھی اب تک 7 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

دوسری طرف انجری کے باعث بینو قادر ٹرافی سے باہر ہونے والے محمد نواز مکمل فٹ ہوچکے ہیں، لہذا انہیں وائیٹ بال سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔20 رکنی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)،شاداب خان(نائب کپتان)، عبداللہ شفیق،آصف آفریدی،آصف علی،فخر زمان،حیدر علی،حارث رئوف، حسن علی،افتخار احمد،امام الحق،خوشدل شاہ،محمد حارث(وکٹ کیپر)،محمد نواز،محمد رضوان(وکٹ کیپر)،محمد وسیم جونیئر،سعود شکیل،شاہین شاہ آفریدی،شاہنواز دھانی اورعثمان قادر شامل ہیں

جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سکواڈمیں بابر اعظم (کپتان)،شاداب خان(نائب کپتان)،آصف آفریدی،آصف علی،فخر زمان،حیدر علی،حارث رئوف،حسن علی،افتخار احمد،خوشدل شاہ ،محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز،محمد رضوان(وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر،شاہین شاہ آفریدی،شاہنواز ڈاھانی اورعثمان قادرشامل ہیں۔